سرکاری اداروں میں خصوصی افراد کے مختص کوٹے پر فوری عمل کا حکم

عدالت اعظمیٰ نے تمام سرکاری اداروں میں خصوصی افراد کے لیے مختص کوٹے پر فوری عملدرآمد کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت عظمیٰ کے جسٹس منصور علی شاہ نے خصوصی افراد کے لیے مختص کوٹے کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، جس میں عدالت نے خصوصی کوٹے پر عملدرآمد کا حکم نامہ تمام سرکاری اداروں کو ارسال کرنے اور اس پر عمل کرنے کا حکم دے دیا۔

اپنے حکم میں سپریم کورٹ نے کہا کہ خصوصی افراد کو سرکاری اداروں میں ملازمت دینا صدقہ خیرات نہیں بلکہ ان کا آئینی حق ہے۔ پاکستان میں خصوصی افراد کی تعداد 33 لاکھ سے 2 کروڑ تک ہے، اس حقیقت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے نیب کو خصوصی افراد کے لیے 3 فی صد کوٹے پرفوری تقرری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی ادارے خصوصی افراد کے لیے احساس پیدا کریں۔ خصوصی افراد کے تمام قانونی اور آئینی حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے۔ معاشرے کی ترقی میں خصوصی افراد کا بھی اتنا ہی کردار ہے جتنا عام آدمی کا۔

Back to top button