PTIکےسابقMNAsسےپارلیمنٹ لاجز خالی کرانے کیلئے آپریشن

تحریک انصاف کے ممبران سے پارلیمنٹ لاجز کی رہائش گاہیں خالی کروانے کے لیے آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا۔

کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)  نے احکامات موصول ہونے کے بعد پی ٹی آئی اراکین کو مختص کیے گئے لاجز خالی کروانے کے لیے آپریشن کیا۔ اس دوران انتظامی عہدیداران جبکہ اسسٹنٹ کمشنر رانا موسیٰ اور مجسٹریٹ بھی موجود تھے۔

پہلے مرحلے میں سی ڈی اے اہلکاروں نے مجسٹریٹ اور اے سی کی نگرانی میں تالے توڑے، پہلے مرحلے میں فرخ حبیب، شاہد خٹک، شبیر احمد قریشی اور ظہور احمد قریشی کے کمروں کو خالی کر کے سامان نکال دیا گیا اور وہاں پر انتظامیہ نے اپنے تالے لگا دیے۔رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے کمرہ خالی کروانے کیلئے مہلت مانگ لی جبکہ 8 سے زائد ممبران نے رضاکارانہ کمرے خالی کردیے۔ آپریشن کے دوران انتظامیہ کو کسی قسم کی مہلت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

باخبر ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں پیر کے روز مزید کمرے خالی کروائے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ  سی ڈی اے ڈائریکٹر کی جانب سے سی ڈی اے مجسٹریٹ کو آپریشن میں معاونت کا خط لکھا گیا تھا۔ خط کے متن کے مطابق آپریشن میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے معاونت کی جائے، پی ٹی آئی کے ڈی نوٹیفائی ممبران کو 24 جنوری کوسرکاری رہائشیں خالی کرنے کا نوٹس دیا تھا۔خط میں کہا گیا تھا کہ رہائشیں خالی نہ کرنے پر آپریشن کرنا ہے لہٰذا کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

باخبر ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، آفتاب جہانگیر سمیت متعدد اراکین نے متعدد بار نوٹس کے باوجود تاحال پارلیمنٹ لاجز خالی نہیں کیے۔

Back to top button