نمائشی میچ : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 2 رنز سے شکست دیدی

نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہوم گراؤنڈ پر پشاور زلمی کو 2 رنز سے شکست دیدی۔
کوئٹہ کےبگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 184 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی جبکہ اسکے 4 کھلاڑی پویلین لوٹے تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے184 رنز کےہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے محمد حارث اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم بابر 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، دیگر کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی 25، اعظم خان 6، صائم ایوب 19، عامر جمال ایک رنز بناسکے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین اور افتخار احمد نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بلوچستان کی جانب سے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے احسان علی 5، عمر اکمل صفر، کپتان سرفراز احمد 4 اور عبدالواحد بنگلزئی 28، خوشدل شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد نے 50 گیندوں پر 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی، انہوں نے وہاب ریاض کو اننگز کے 19 ویں اوور میں 6 گیندوں پر 6 چھکے لگائے تھے۔پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، اسامہ میر اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دریں اثنا میچ کے دوران تماشائیوں نے کھلاڑیوں پر پتھر برسا دیئے تھے جس کے باعث انتظامیہ نے کچھ دیر کیلئے میچ روک دیا تھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں سرفراز احمد (کپتان)، احسن علی، بسم اللہ خان، عمر اکمل، افتخار احمد، محمد نواز، ایمل خان، نسیم شاہ، محمد حسنین، عمید آصف، عبدالواحد بنگلزئی جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث، صائم ایوب، حسیب اللہ، اعظم خان، عامر جمال، اسامہ میر، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، سلمان ارشاد شامل ہیں۔
