24گھنٹوں میں کورونا سے 2 اموات،371 نئے کیس رپورٹ

ملک میں بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورنا وائرس سے 2 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، جبکہ 371 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔
قومی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مثبت کیسز کی شرح 2.47 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ کوروناسے متاثر 140 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کی تشخیص کے لیے 15 ہزار 38 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 371 کیسز مثبت آئے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 502 نئے کیسز سامنے آئے تھے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2.73 فیصد رہی۔
اس کے علاوہ کورونا سے متاثر 145مریضوں کی حالت تشویشناک ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ کورونا وائرس میں مبتلا ایک مریض انتقال کرگیا تھا۔
یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کی آئندہ مذہبی تقریبات کے دوران کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔
انکا کہنا تھا لوگوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا چاہیے تاکہ کیسز میں اضافے کی رفتار کو کنٹرول کیا جا سکے کیونکہ یہ ہسپتالوں میں زیر استعمال بستروں کی شرح کو براہ راست متاثر کرتا ہے، اگر کیسز کی تعداد روزانہ بڑھتی رہی تو اس کے نتیجے میں ہسپتالوں میں مزید مریض داخل ہوں گے۔
ڈاکٹر علی خان رکن این سی او سی نے کہا تھا کہ اگر دونوں مذہبی ایونٹس کیسز میں کوئی اضافہ دیکھے بغیر گزر گئے تو ملک میں کورونا کی چھٹی لہر نہیں آ سکتی۔
