گوگی کا پنکی اور عمران کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے کا فیصلہ

عمران خان کے دست راست اور سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے بعد اب فرح گوگی نے بھی وعدہ معاف گواہ بننے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قابل اعتماد سہیلی فرح گوگی کے بشریٰ بی بی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کا قوی امکان ہے۔

لندن میں مقیم سینئر صحافی مرتضی علی شاہ کی ایک رپورٹ کے مطابق معتبر ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ فرح گوگی پہلے ہی پاکستانی اتھارٹیز کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں اور تقریباً ایک ماہ سے ان کے ساتھ رابطے میں ہیں حالانکہ فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو پی ٹی آئی کی قیادت نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی یعنی ایف آئی اے اور دیگر قانونی فورمز کے ساتھ تعاون نہ کرنے کیلئے کہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فرح گوگی پہلے ہی پاکستانی اتھارٹیز سے اہم معلومات شیئر کر چکی ہیں اور ورکنگ ریلیشن شپ بھی تیار ہوچکی ہے ۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ مئی کے پہلے ہفتے میں فرح گوگی کو متحدہ عرب امارات یو اے ای چھوڑنے کیلئے کہہ دیا گیا تھا جب حکومت پاکستان نے گلف اسٹیٹ کو بتایا کہ فرح گوگی ایک مطلوب شخصیت ہیں اور دبئی میں اپنے قیام کے دوران بدعنوانی میں ملوث رہی ہیں۔ انتہائی قابل اعتماد ذریعے نے تصدیق کی کہ فرح گوگی کو متحدہ عرب امارات چھوڑنے کیلئے کہہ دیا گیا تھا اور اس کے بعد سے وہ بلیک لسٹ ہیں جس کا مطلب ہے کہ وہ اپنے خلاف مقدمات کی وجہ سے کسی بھی قانونی بنیاد پر یو اے ای میں داخل ہونے سے قاصر ہیں۔

فرح گوگی نے اٹلی پہنچ کر پاکستانی اتھارٹیز کے ساتھ بات شروع کردی تھی جس میں اب کافی پیش رفت ہوچکی ہے۔ فرحت شہزادی جنہیں فرح گوگی‘ فرح خان’ فرح گجر’ فری اور دیگر بہت سی عرفیت سے بھی جانا جاتا ہے عمران خان حکومت کے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ کی کامیابی کے ایک دن بعد ہی پاکستان چھوڑ کر فرار ہونے والی پہلی ہائی پروفائل شخصیت تھیں کیونکہ یہ قیاس آرائیاں پہلے ہی بڑھ چکی تھیں کہ انہیں گرفتار کر لیا جائے گا اور بشریٰ بی بی کے ساتھ ڈیلنگ اور حکومتی معاملات چلانے میں براہ راست رول کے بارے میں بھی تفتیش کی جائے گی ۔

 دوسری جانب فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے خلاف جاری نیب انکوائری میں بڑی پیشرفت سامنےآئی ہے۔ نیب لاہور نے فرحت شہزادی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے نام پر 117 بنک اکاونٹس کا سراغ لگا لیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق  فرحت شہزادی اور احسن جمیل کے نام چار غیر ملکی بنک اکاونٹس کا سراغ بھی لگا لیا گیا۔ بزدار دور حکومت میں ساڑھے 4 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ بھی نیب لاہور کو مل گیا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ معروف پراپرٹی ٹائیکون کے بیٹے کے ساتھ بنی گالہ اسلام آباد میں 240 کنال اراضی کی خرید و فروخت ظاہر ہوئی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق ملزمان نے مذکورہ بنی گالہ اراضی 530 ملین روپے میں حاصل کی۔

نیب کے مطابق دونوں ملزمان کے نام مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب مالیت کی جائیدادیں بھی پائی گئیں ہیں۔ سال 2021 میں ملزمہ فرح گوگی نے ایف بی آر کو کل 97 کروڑ کے اثاثہ جات ظاہر کئے تھے۔ فرحت شہزادی اور شوہر کی ملکیت 10 کمپنیوں کا بھی پتہ لگایا گیا ہے جو مبینہ طور پر مالی لین دین کیلئے استعمال ہوتی رہیں۔ تحقیقات میں نیب تفتیشی ٹیم نے فرحت شہزادی کیلئے کام کرنے والے کیش بوائے کا سراغ بھی لگا لیا۔ کیش بوائے کا مجموعی طور پر 860 ملین کی کیش ٹرانسیکشن کا اعتراف کیا ہے جسکے شواہد نیب نے حاصل کر لئے ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق فرحت شہزادی نے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 50 کروڑ کا کالا دھن سفید کروایا۔ ایمنسٹی سکیم میں 32 کروڑ مالیت زرعی پیداوار کا حصول ظاہر کیا گیا جبکہ ملزمان کی ملکیت کوئی زرعی اراضی تھی ہی نہیں۔ فرحت شہزادی اور احسن جمیل گجر کے اثاثہ جات میں 3 سال کے دوران مبینہ طور پر 420 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ ملزمان نے 2018 سے 2021 کے دوران 1 ارب  سے زائد کی جائیدادیں بھی بنائیں۔

ذرائع کےمطابق فرحت شہزادی اور شوہر کے نام دبئی میں ایک لگژری فلیٹ کا انکشاف بھی ہوا ہے جسے ایف بی آر میں ظاہر نہیں کیا گیا۔فرحت شہزادی و شوہر ڈیفنس لاہور میں 8 جائیدادوں کے مالک نکلے جس میں کمرشل پلازہ بھی شامل ہے۔بحریہ ٹائون لاہور میں کروڑوں مالیت کا 4 کنال کا پلاٹ بھی جائیداد میں شامل ہے۔اسلام آباد کے سیکٹر F-7 میں 2 کنال کا بنگلہ ملزمان کے نام ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیب تحقیقات میں احسن جمیل گجر اورفرحت شہزادی کے نام 19 گاڑیاں بھی پائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے انٹرپول کے ذریعے فرح خان کو گرفتار کر کے پاکستان لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اور ان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لئے انٹرپول سے رابطہ کیا تھا۔انٹرپول کو ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست پر فرح گوگی کی لیگل ٹیم نے انٹر پول اور ایف آئی اے کو قانونی نوٹس بھی بھجوایا تھا۔

واضح رہے کہ فرح گوگی کو منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا ہے۔عدالت منی لانڈرنگ کیس میں پہلے ہی انھیں اشتہاری قرار دے چکی ہے، فرح گوگی اپنے خلاف جاری تحقیقات سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہیں ، کہا جا رہا ہے کہ فرح گوگی کے خلاف منی لانڈرنگ کے ناقابل تردید ثبوت ایف آئی اے نے حاصل کر لیے ہیں اب انہیں ملک واپس لا کر عدالتی کارروائی کا آغاز کرنا باقی ہے۔

Back to top button