ایرانی سفیر کا شہید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت پر پاکستان سے اظہار تشکر

 

 

 

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے شہید ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے جنازے میں پاکستان کی شرکت پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے شہید سپریم لیڈر کے جنازے میں پاکستان کی شرکت پر شکریہ ادا کرتا ہوں،وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر ضارجہ اسحق ڈار کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

امیری مقدم نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر ایاز صادق، وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت مذہبی شخصیات، سیاسی رہنماؤں اور ثقافتی شخصیات کی شرکت پر بھی شکر گزار ہوں۔

ایرانی سفیر کاکہنا تھاکہ پاکستان نے اس تاریخی تقریب میں اعلیٰ ترین سطح پر شرکت کی، یہ شرکت دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی،باہمی احترام کا مظہر ہے،یہ اقدام ایران،پاکستان کے درمیان تاریخی روابط اور مشترکہ اقدار کی عکاسی کرتا ہے، ایران، پاکستان نے تاریخ کے ہرمشکل،خوشی کے موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ دونوں ممالک یکجہتی اور باہمی تعاون کے جذبے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑےرہے ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہےکہ ایران،پاکستان کی دوستی،برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں، اللہ تعالیٰ دونوں ممالک کو دائمی امن، خوش حالی اور وقار عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ ایران، پاکستان کے تعلقات کو آنے والی نسلوں تک مزید مضبوط بنائے۔

 

 

Back to top button