ایکنک اجلاس،12کھرب20ارب لاگت کے 8منصوبوں کی منظوری

قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) کی ایگزیکٹو کمیٹی نے حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے سے چند روز قبل تقریباً 12 کھرب 20 ارب روپے کی لاگت کے 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔

ان 8 منصوبوں میں ایک کھرب 48 کروڑ (3 ارب 74 کروڑ ڈالر) مالیت کا 12 سو میگاواٹ کا نیوکلیئر پاور پروجیکٹ بھی شامل ہے جس کی لاگت میں اکتوبر 2018 سے اب تک113 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ایک سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے چشمہ نیوکلیئر پاور پراجیکٹ یونٹ-5 (5-سی) کے منصوبے پر غور کیا اور اس کی منظوری دے دی ، وزیر اعظم شہباز شریف نے چند روز قبل ہی اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت ایکنک اجلاس میں بتایا گیا کہ پی اے ای سی نے چشمہ نیوکلیئر پاور کمپلیکس کے اندر واقع منصوبے کی منظوری طلب کی ہے جہاں 492 ارب روپے کی لاگت سے چار چھوٹے منصوبے پہلے سے آپریشنل ہیں، تاہم پلاننگ کمیشن نے 12 اکتوبر 2018 میں اس منصوبے کی اجازت نہیں دی تھی اور اس سلسلے میں کچھ وضاحتیں اور اصلاحات کرنے کا کہا تھا۔

Back to top button