9محرم الحرام،شہر شہر جلوس،شہدائے کربلا کی قربانیوں کو سلام

شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں، سیکیورٹی کے خصوصی اور سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی اور اسلام آباد سمیت بیشتر شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپاک سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔پولیس کے مطابق شہر قائد میں جلوس کے ملحقہ راستے عام ٹریفک کیلئے مکمل بند کردیئے گئے، جلوس کے برآمد ہونے سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ روٹ کی سرچنگ کرے گا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے روٹ پر نظر رکھی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلوس کے راستے پر جگہ جگہ پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں، روٹ کے اطراف کی بلند عمارتوں پر بھی رینجرز اور پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، محرم الحرام کے دوران 10 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کئے گئے ہیں، ٹریفک کی رہنمائی کیلئے 3 ہزار سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس جی 6 امام بارگاہ سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کو خار دار تاریں، ٹینٹ اور کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے، جلوس کی سیکیورٹی پر ایک ہزار 685 اہلکاروں و افسران تعینات ہوں گے۔حکام کے مطابق 5 ڈی پی اوز، 14 ڈی ایس پیز، 21 انسپکٹر سیکیورٹی فرائض پر مامور ہوں گے، 117 ماتحت افسران بھی مختلف ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود ہوں گے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کی سیکیورٹی کیلئے رینجرز اور ایف سی بھی تعینات ہوگی، رینجرز کے 60 اور ایف سی کے 365 اہلکار و افسران جلوس ڈیوٹی پر ہوں گے، جلوس کے شرکاء کیلئے مرکزی واک تھرو گیٹ نصب کیا جائے گا۔
لاہور میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جس میں عزادار شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، جلوس کے راستوں پر سخت سیکیورٹی ہے، جلوس خیمہ سادات سے ہوتا ہلوا واپس پانڈو اسٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔لاہور میں نکلسن روڈ پر نویں محرم الحرام کے حوالے سے امام بارگاہ عطیہ اہل بیت سے شبیہ اور زیارت کا جلوس برآمد ہوگا، امام بارگاہ میں مجلس کا آغاز صبح ساڑھے 6 بجے ہوا، جو تاحال جاری ہے۔جلوس نکلسن روڈ سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے راستے پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، نکلسن روڈ پر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی جانب سے پانی کی سبیل کا بندوبست کیا گیا۔
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی 9ویں محرم الحرام کے جلوس کی تیاریاں مکمل ہیں، جس کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 محرم کو موبائل سروسز مکمل بند ہوگی، شہر میں 1500 ایف سی جوان تعینات کئے گئے ہیں۔
