شہباز کا 21اکتوبر کو نواز شریف کی وطن واپسی کا اعلان

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 21اکتوبر کو وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لندن میں ہونے والے لیگی قیادت کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں طے پایا ہے کہ ن لیگی قائد 21 اکتوبر کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔
لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شہباز شریف، سلیمان شہباز، حسن نواز، خواجہ محمد آصف اور دیگر رہنما موجود تھے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی اور پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے امور پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں جنرل الیکشن سے متعلق اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے موقف پر بھی غور کیا۔سابق وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔
اس بات کا اعلان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کے روز کیا۔ اور بتایا کہ وطن واپسی پر نواز شریف کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما اس بات کا اعلان کرچکے ہیں کہ نوازشریف وطن واپس آنے کے بعد اپنے مقدمات کے حوالے سے قانون کا سامنا کریں گے اور وہ انتخابی مہم کی قیادت بھی کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کا اس سے قبل کہنا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے دو شیڈول مرتب کیے گئے ہیں، جس کے تحت پہلے شیڈول کے مطابق وہ لندن سے اسلام آباد اتریں گے اور پھر ریلی کی صورت میں لاہور آئیں گے جبکہ دوسرے شیڈول میں وہ لاہور اتر کر ریلی کی صورت میں داتا دربار جاکر حاضری دیں گے اور پھر جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔لیگی قیادت نے سابق اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور رہنماؤں کو نوازشریف کی وطن واپسی اور اس کی اہمیت کے حوالے سے عوامی سطح پر مہم تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے جس میں نواز دور کے منصوبوں سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
