اداکارہ نوال سعید مرد اداکاروں کیساتھ کام کو ترجیح کیوں دیتی ہیں؟

معروف اداکارہ نوال سعید نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خواتین کی بجائے مرد اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں، مرد فنکاروں کے ساتھ کام کر کے زیادہ مزہ آتا ہے جبکہ خواتین کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا ثابت نہیں ہو سکا ہے۔حال ہی میں انہوں نے ایک مزاحیہ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی، شو کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ وہ کونسے اداکار ہیں جن کے ساتھ وہ بار بار کام کرنا چاہیں گی؟ اس پر اداکارہ نے کہا کہ مرد اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہتا ہے، انہوں نے اداکار حارث، شہروز اور زاہد کا نام لیتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہیں ان کے ساتھ کام کر کے اچھا لگا، بہت سارے مرد اداکار ایسے ہیں جو بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور انہیں ان کے ساتھ کام کر کے مزہ آتا ہے۔نوال سعید کے مطابق ساتھی مرد اداکاروں کے ساتھ کام کرتے وقت انہیں لگتا ہے کہ وہ اچھا کام کر رہی ہیں، کیوںکہ وہ ان کے ساتھ کام کے معاملے پر گفتگو بھی کرتی ہیں، انکشاف کیا کہ ساتھی خاتون اداکارائوں کے ساتھ کام کرنے کے ان کے تجربات اچھے نہیں رہے، اس ہر میزبان نے ان سے پوچھا کہ ان کا کس خاتون ساتھی اداکارہ کے ساتھ کون سے ڈرامے میں کام کرنے کا تجربہ اچھا نہیں رہا؟ اس پر اداکارہ نے کہا کہ اب کی بات نہیں ہے بلکہ اس وقت کی بات ہے جب انہوں نے نیا کیریئر شروع کیا تھا، اگرچہ نوال سعید نے کہا کہ ان کا ساتھی خواتین اداکارائوں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا نہیں رہا، تاہم انہوں نے کسی بھی اداکارہ کا نام نہیں لیا۔واضح رہے کہ اداکار نوال سعید نے اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز 2017 میں مختلف ٹی وی کمرشلز سے کیا تھا، ڈرامہ سیریل ایک لڑکی عام سی، یقین کا سفر، ماہ تمام، فریاد اور بانو جیسے ڈراموں میں ان کے کردار کو کافی سراہا گیا۔
