30 سال کی عمر کے افراد کو کل سے کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ

نیشنل کمانڈ اینڈ کنترول سینٹر نے 30 سال کی عمر کے افراد کو کل سے کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ 30 سال کی عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کل سے 30 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو ویکیسن لگانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا، اس ضمن میں ویکسین شیڈول میں شامل 30 سال اور زائد عمر کے افراد کو آج میسج موصول ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ حکومت نے چند روز قبل ہی 30 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسین رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کی طرف سے اعلان کیے جانے کے بعد 16 مئی سے تیس سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کی رجسٹریشن کھول دی گئی تھی ، اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی سپلائی میں بہتری آرہی ہے، وفاق کی تمام اکائیوں میں ویکسین کی استعداد کار بڑی ہے، کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کے ہر فرد کی کیٹگری میں اضافہ جاری ہے، ہم لوگوں کی ویکسینیشن کے لیے زیادہ عمر والوں سے کم عمر والوں کی طرف آ رہے ہیں،اس کی وجہ عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی محدود دستیابی اور ملک میں ویکسی نیشن کی صلاحیت ہے، مسلسل کوششوں سے ویکسین کی سپلائی اور ویکسینیشن کی صلاحیت مرحلہ وار بڑھائی جا رہی ہے،ویکسینیشن کے لئے ہماری توجہ کا مرکز معاشرے کا کمزور اور خطرے سے دوچار طبقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے اموات کا خطرہ عمر کے ساتھ ساتھ بڑھتا جاتا ہے، پاکستان میں 40 سال سے کم عمر افراد کی کورونا سے موت کی شرح ایک فیصد سے کم ہے، اسی طرح 41 سے 50 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 1.8 فیصد ، 51 سے 60 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 3.8 فیصد اور 61 سے 70 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 7.2 فیصد ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ 61 سے 70 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 7.2فیصد ، 71 سے 80 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 11.1فیصد ہے،80 سال سے زائدعمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 15 فیصد سے زائد ہوجاتی ہے، ملک میں 40 سال سے کم عمر کی آبادی 77 فیصد ہے جس کی کورونا سے شرح اموات 9 فیصد ہے، 60 سال سے زائد عمر کی آبادی صرف 7 فیصد ہے جس میں کورونا سے شرح اموات 53 فیصد ہے۔
