6ماہ تک کے بچوں کیلئے کرونا ویکسین کی منظوری
کرونا کیسز میں متوقع کمی نہ ہونے پر یورپی یونین نے چھ ماہ تک کے بچوں کے لیے ویکسین کی منظوری دے دی ہے، بچوں کو فائزر اور ماڈرنا کرونا ویکسین لگائی جا سکے گی۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کرونا وبا کو اب بھی صحت کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کوویڈ 19 عالمی ہیلتھ ایمرجنسی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے، ڈبلیو ایچ او نے دنیا بھر کے ممالک کو کرونا کے کم کیسز کے باوجود نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کا کچھ ماہ قبل یہ کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں کرونا کیسز کم ہو رہے ہیں لیکن ہمیں اس پر نظر رکھنی ہوگی، کچھ ممالک کو اپنی کمزور آبادی پر ویکسین لگوانے کیلئے زور دینا چاہئے۔
عالمی ادارۂ صحت کی کمیٹی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ اگرچہ عوامی تاثر یہ ہے کہ دنیا کے کچھ حصوں میں یہ وائرس ختم ہو چکا ہے، لیکن یہ صحت عامہ کا ایک ایسا واقعہ ہے جو دنیا کی آبادی کے ایک حصے کو بُری طرح سے متاثر کر رہا ہے۔
کمیٹی کے مطابق اگرچہ کورونا کیسز سے ہونے والی اموات میں کمی آئی ہے لیکن اب بھی دوسرے وائرسز کے مقابلے میں زیادہ ہلاکتیں کرونا کی وجہ سے ہی واقع ہو رہی ہیں۔
