انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا زلزلہ، عمارتیں متاثر، 20 افراد جاں بحق

انڈونیشیا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا زلزلہ آیا، آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہو گئے۔
انڈونیشیا کے ساحل کے قریب آج صبح شدید زلزلہ آیا، جس کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جن میں ایک کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4:58 بجے تقریباً 15 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی نے ابتدائی طور پر سونامی کی وارننگ جاری کی، تاہم زلزلے کے 3 گھنٹے بعد یہ وارننگ واپس لے لی گئی۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے سونامی وارننگ سینٹر نے کہا ہے کہ سمندر کے اندر آنے والے اس زلزلے سے آسٹریلوی سرزمین، جزائر یا علاقوں کو سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔
انڈونیشیا کے علاقے ماؤمیرے میں امدادی ٹیمیں تباہ شدہ عمارتوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ اب تک چار افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق ہوئی ہے، تاہم دور افتادہ اور پہاڑی علاقے میں نقصان کی مکمل نوعیت جاننے میں وقت لگ سکتا ہے۔
زلزلے کے باعث جزیرۂ فلورس کے مرکزی شہر ماؤمیرے میں لوگ گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے۔
ٹرمینل کی عمارت سے کنکریٹ کے بڑے بڑے ٹکڑے ٹوٹ کر اس مقام پر گرے جہاں بین الجزائر فیری پر سوار ہونے کے منتظر مسافر موجود تھے۔ جہاز تک پہنچنے والا راستہ گرنے سے کچھ افراد سمندر میں جا گرے۔
قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت ترجیح عوام کی حفاظت اور آفٹر شاکس یا دیگر خطرات کے باعث مزید جانی نقصان کو روکنا ہے۔
ادارے نے لوگوں کو پرسکون رہنے اور ساحلی علاقوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ لوگوں سے عمارتوں میں داخل ہونے سے بھی گریز کرنے کو کہا ہے، خاص طور پر ایسی عمارتوں میں جن میں پہلے ہی دراڑیں پڑ چکی ہوں یا جن کی ساخت کو نقصان پہنچا ہو۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ تین روز کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ
ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں اور نقصان کے حجم کا تعین کرنے کے لیے فوری جائزہ لیا جا رہا ہے اور معلومات کی تصدیق کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
