لاہور : مکان کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق

لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 10 افراد ملبے تلے دب گئے، 3 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق باغبانپورہ سکھ نہر کے قریب مکان کی چھت گرانے سے ملبے تلے دب کر 8 افراد جان کی بازی ہار گئےجب کہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کےمطابق سکھ نہر کے قریب بھٹہ محمد دین کالونی میں حادثے کا شکار ہونے والے گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی، جاں بحق ہونے والوں میں 50 سالہ شاہدہ، 22سالہ احد علی، 12سالہ حسنین، 60 سالہ ثمینہ، 24 سالہ کومل ، 23 سالہ مجاہد، 7 سالہ نیلم اور 8 سالہ حماد شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کےمطابق زخمیوں کو طبی علاج کےلیے فوری قریبی ہسپتال منتقل کیاگیا ہے اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی ہے۔
