وزیر اعظم نے گندم اسکینڈل میں ملوث افسران کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی

وزیر اعظم شہباز شریف نے اضافی گندم کی درآمد میں ملوث قرار دیے جانے والے چار معطل افسران کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم نے گریڈ 22 کے افسر سیکرٹری تجارت محمد صالح احمد فاروقی کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا۔ معطل افسران کے خلاف سول سرونٹس ایفیشینسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت انکوائری ہوگی۔

یاد رہے کہ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کے 4 افسران کو ذمہ دار قرار دے کر معطل کیا گیا تھا، ڈائریکٹر جنرل پلانٹ پروٹیکشن اللہ دتہ عابد اور فوڈ سکیورٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم کو معطل کیا گیا تھا، ویٹ کمشنر اور ڈائریکٹر ڈی پی پی سہیل شہزاد بھی معطل کیے جانے والوں میں شامل تھے۔ ان افسران کو ناقص منصوبہ بندی اور غفلت برتنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ ملک میں گندم کے خاطر خواہ ذخائر موجود ہونے کے باوجود نگران حکومت کے دور میں بڑے پیمانے پر گندم کی درآمد کے انکشافات سامنے آئے تھے۔

Back to top button