اپوزیشن جماعتوں نے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کردی

اپوزیشن جماعتوں تحریک انصاف، جمیعت علمائے اسلام ف،  جماعت اسلامی اور  اے این پی نے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کردی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کےلیے آپریشن عزم استحکام کا فیصلہ کیا گیا جس کی منظوری کابینہ کی جانب سے بھی دے دی گئی۔

 آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے رہنما تحریک انصاف علی محمد خان کا کہنا تھا کہ عوام کی منظوری کے بغیر خیبر پختونخوا میں کوئی آپریشن نہیں ہوگا، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر پارلیمنٹ میں آکر بریفنگ دیں۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے زیر اہتمام قبائل امن جرگہ آج منعقد ہوگا، جرگے میں قبائلی اضلاع میں امن و امان اور عزم استحکام پر گفتگو کی جائے گی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ امن جرگے کے بعد وزیر اعلیٰ آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے اور سیاسی جماعتوں کو صورت حال سے آگاہ کریں گے۔

Back to top button