پارلیمان جمہوریت کا بنیادی جزو ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی یوم پارلیمنٹرین ازم کے موقع پر  پیغام میں کہنا ہے کہ پارلیمان جمہوریت کا بنیادی جزو ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق کاکہنا تھا کہ پاکستان کی پارلیمان عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتی ہے۔جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے پارلیمان کی بالادستی ناگزیر  ہے۔پاکستان بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کا سرگرم  رکن ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ جمہوری اقدار اور ہم آہنگی کے فروغ  کے لیے پارلیمانی سطح پر  رابطے اور ڈائیلاگ  ضروری ہیں۔پاکستان کی پارلیمان امن و سلامتی، بنیادی حقوق کے تحفظ اور صنفی امتیاز کے خاتمے پر یقین رکھتی ہے۔پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے پاکستان کی پارلیمان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔پاکستان کی پارلیمان عالمی سطح پر امن، جمہوریت اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے آئی پی یو کے ساتھ کام کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

سپیکر نے کہا کہ خطے میں امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے پارلیمانوں میں رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔مسئلہ فلسطین اور کشمیر سمیت دیگر  تنازعات کے منصفانہ حل کیلئے پارلیمانوں کو اپنی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔عالمی برادری کو فلسطین اور کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام نا ممکن ہے۔پارلیمان اپنے مثبت کردار کے ذریعے دنیا کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔

Back to top button