بیٹی نے شادی پر عامر خان کے آنسوئوں کو جھوٹا قرار کیوں دیا؟
بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بیٹی آئرا خان نے اپنی شادی کے موقع پر والد کے آنسوئوں کو جعلی قرار دیتے ہوئے انسٹا گرام پر متعدد تصاویر شیئر کیں، پوسٹ میں والد کو تنگ کرنے کے لیے ان کے آنسوئوں کو جھوٹا قرار دیا۔انسٹا گرام پر شیئر کی جانے والی تصویر آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریب کی ہے جس میں یہ جوڑی اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پر دستخط کر رہے ہیں جبکہ ان کے پیچھے کھڑے عامر خان اپنی آنکھوں سے آنسو صاف کر رہے ہیں۔آئرا خان نے اس تصویر کے کیپشن میں مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’’یہ میرے والد کے جعلی (جھوٹے) آنسو تھے، اُن کے اصلی آنسو بعد میں آئے تھے‘‘، ایک اور تصویر میں عامر خان اور نوپور کو ہنستے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس تصویر کے ساتھ آئرا خان نے لکھا کہ مائیک کے بہت قریب نامناسب تبصرہ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے سب ہنس رہے تھے۔ واضح رہے کہ آئرا خان اور اُن کے ہندو شوہر نوپور شیکھرے نے 3 جنوری کو ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پر دستخط کیے تھے۔بھارت میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے خصوصی رجسٹریشن کی جاتی ہے اس کے بعد جوڑے اپنی اپنی روایات کے مطابق شادیاں کرسکتے ہیں۔آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریبات کا آغاز 8 جنوری سے راجھستان کے شہر اودے پور میں ہوا تھا، 10 جنوری کو آئرا خان کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی، اُنہوں نے اپنے اہلخانہ، قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کی موجودگی میں اسلام کے بجائے مسیحی مذہب کے مطابق شادی کی تھی۔13 جنوری کو ممبئی میں باندرہ کرلا کمپلیکس (BKC) کے مقام پر آئرا خان اور نوپور شیکھرے کے ولیمے کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں 2500 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جن میں بالی ووڈ کی دُنیا کے نامور
ستارے بھی شامل تھے۔