خیبرپختونخوا اسمبلی : مریم نواز کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کےلیے قرارداد منظور

خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ‘پڑوسی صوبوں’ سے متعلق متنازع بیان کےخلاف اکثریتی قرارداد منظور کرتےہوئے ان کےخلاف آرٹیکل 6 کے تحت ‘سنگین غداری کےحوالے’ سے ضروری کارروائی کرنے کی سفارش کی ہے۔
یہ قرارداد وزیراعلیٰ مریم نواز کے پنجاب کو پڑوسی ممالک کے بجائے ’پڑوسی صوبوں‘ سے زیادہ سکیورٹی خطرات کا سامنا ہونے اور اور پنجاب میں دہشت گردی سرحدوں کے ذریعے داخل ہونےکے بیان کےخلاف منظور کی گئی۔
قرارداد میں کہاگیا ہےکہ یہ ایوان مریم نواز،رانا ثناء اللہ اور عظمیٰ بخاری کی جانب سے خیبرپختو نخوا سمیت دیگر صوبوں کو پنجاب میں دہشت گردی کے خطرے سےجوڑنے اور اس نوعیت کے غیرذمہ دارانہ بیانات کی شدید مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں دہشت گردی کےخلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالوں کو خراج عقیدت پیش کرتےہوئے کہا گیا ہےکہ دہشت گردی پورے ملک کےلیے چیلنج ہے جس کا مقابلہ مشترکہ کوششوں سے ہی کیا جاسکتا ہے۔دہشت گردی جیسے قومی اور حساس مسئلے کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ،الزام تراشی اور ایک صوبے کو دوسرے صوبے کےخلاف کھڑا کرنے کےلیے استعمال کرنا قومی مفاد، بین الصوبائی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور وفاقی روح کے صریحاً منافی ہے۔
کیا 27ستمبر سے پہلے حکومت اورPTIمیں سیز فائر ممکن ہے؟
قبل ازیں صوبائی وزیر ہاؤسنگ امجد علی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان کو شرمناک اور توہین آمیز قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ صرف تحریک انصاف نہیں بلکہ پورے صوبے کے خلاف بیان ہے۔
انہوں نے کہا تھاکہ ریاست گزشتہ دو برس سے پاکستان میں دہشت گردی کے معاملے پر بھارت کی جانب انگلی اٹھاتی رہی ہے، اس لیے پنجاب کی وزیراعلیٰ کو اپنے بیان پر ایوان میں معذرت کرنی چاہیے۔
