افغان ترجمان کے بیانات گمراہ کن اور بدنیتی پر مبنی ہیں، خواجہ آصف

پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے کیے گئے پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کردیا ہے، جب کہ وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے افغان ترجمان کے بیانات کو گمراہ کن اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھارتی پراکسیز اور ان کے مقاصد سے بخوبی واقف ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ وہ افغانستان کے بارے میں پاکستان کی سلامتی پالیسیوں سے متعلق افغان ترجمان کے تبصروں کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق، پاکستان کی پالیسیوں پر ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستانی عوام، بالخصوص خیبرپختونخوا کے شہری، افغان طالبان حکومت کی سرپرستی میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی دہشت گردانہ کارروائیوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ ان کے نزدیک افغان طالبان کے طرز عمل اور ارادوں کے بارے میں کوئی ابہام باقی نہیں رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ افغان طالبان کی غیر نمائندہ حکومت اندرونی اختلافات کا شکار ہے، جو اپنی ہی عوام — بالخصوص خواتین، بچوں اور اقلیتوں — پر جبر کی ذمہ دار ہے۔ یہ حکومت اظہارِ رائے، تعلیم اور سیاسی نمائندگی جیسے بنیادی انسانی حقوق سلب کیے ہوئے ہے۔

خواجہ آصف کے مطابق، چار برس گزرنے کے باوجود طالبان حکومت بین الاقوامی برادری سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کرسکی اور اب وہ بیانات اور بیرونی عناصر کے لیے پراکسی کے طور پر کام کرکے اپنی کمزور حکمرانی، ہم آہنگی اور استحکام کی کمی کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس، پاکستان کی پالیسی اپنے شہریوں کو سرحد پار دہشت گردی اور انتہاپسند نظریات سے محفوظ رکھنا ہے، جو کہ قومی مفاد، علاقائی امن اور استحکام کے عزم کا مظہر ہے۔

دوسری جانب، وفاقی وزیرِ اطلاعات نے بھی افغان طالبان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ طالبان بھارت سے پروپیگنڈا کے ہتھکنڈے سیکھ رہے ہیں۔

اسی موقع پر وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی بھارتی پروپیگنڈا کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کے پاس شواہد ہیں تو وہ پاکستان میں دہشت گردی کے مبینہ کیمپ دکھائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوتا اور چاہتا ہے کہ کوئی ملک اس کی سرزمین کو بھی اپنے مفادات کے لیے استعمال نہ کرے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!