افغان دہشت گرد گروہ ہمسایہ ممالک کے لیے سنگین خطرہ ہیں: چین

چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہ ہمسایہ ممالک کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نائب مندوب سن لئی نے بین الاقوامی امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے متعلق اجلاس میں کہا کہ افغان سرزمین پر موجود دہشت گرد عناصر کی سرحد پار حملے کرنے کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
چینی نائب مندوب نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت افغانستان میں موجود تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں انسدادِ دہشت گردی کی صورتحال پر مسلسل گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ خطے کے امن و استحکام کو درپیش خطرات کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔
مون سون کے بعد پنجاب میں خستہ حال عمارتوں کا سروے ہوگا: مریم نواز
دوسری جانب ماہرین کے مطابق طالبان حکومت دہشت گرد عناصر کو مبینہ سہولیات اور پناہ گاہیں فراہم کرکے دوحہ معاہدے کی ذمہ داریوں پر عمل درآمد سے گریز کر رہی ہے۔ان کے مطابق دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ سے حاصل ہونے والے وسائل افغان طالبان حکومت کے لیے مالی معاونت کا ذریعہ بن رہے ہیں، جس کے باعث خطے میں عدم استحکام کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
