خرم آغا کی جگہ احمد رضا سرور وفاقی سیکرٹری داخلہ مقرر

وفاقی حکومت نے اہم بیوروکریٹک تبدیلی کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد خرم آغا کی جگہ گریڈ 22 کے سینئر افسر اور پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور کو نیا وفاقی سیکرٹری داخلہ مقرر کر دیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نےوفاقی سیکرٹری داخلہ کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
احمد رضا سرور نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
جبکہ کیپٹن (ر) محمد خرم آغا کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق احمد رضا سرور ملک کے حساس ترین سول انتظامی عہدوں میں سے ایک، وفاقی سیکرٹری داخلہ، کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
وزارت داخلہ کے ماتحت وفاقی تحقیقاتی ادارہ ،نادرا، پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، پاکستان رینجرز اور دیگر داخلی سلامتی سے متعلق اہم ادارے انتظامی طور پر سیکرٹری داخلہ کو رپورٹ کرتے ہیں۔
کیپٹن ریٹائرڈمحمد خرم آغا مارچ 2024 سے وفاقی سیکرٹری داخلہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کے دور میں داخلی سلامتی، امیگریشن، بارڈر مینجمنٹ اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے متعلق متعدد اہم امور وزارت داخلہ کے ذریعے نمٹائے گئے۔
احمد رضا سرور گریڈ 22 کے سینئر افسر ہیں اور تقرری سے قبل حکومت پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ پنجاب حکومت میں متعدد اہم انتظامی عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں اور انہیں صوبائی انتظامیہ کے تجربہ کار افسران میں شمار کیا جاتا ہے۔
احمد رضا سرور کی تقرری کو وفاقی بیوروکریسی میں ایک اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ سیکرٹری داخلہ کا منصب ملک کی داخلی سلامتی، وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی، بارڈر مینجمنٹ، امیگریشن اور قومی سلامتی سے متعلق سول انتظامی امور میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے بعد یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔
