مریم نواز نے پیپلزپارٹی کو دھاندلی کی ماسٹرمائنڈقرار دیدیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ ن پر دھاندلی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ باریک واردات کی ماسٹر مائنڈ پیپلز پارٹی دھاندلی کا رونا رو رہی ہے۔

مریم نواز نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر مائنڈ پیپلز پارٹی دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟

قبل ازیں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا آزاد کشمیر الیکشن میں ہمارے ساتھ دھاندلی کی گئی، ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی جاتی رہیں، الیکشن کمیشن وہاں پر الیکشن ایجنٹ کا کردار ادا کرتا رہا، آپ نے تو دھاندلی کی نئی مثال قائم کردی ہے۔

مریم نواز کا نام لیے بغیر حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا آپ کے والد کشمیر میں جا کر کہہ رہے ہیں مجھے وزیراعظم بنا دیا جائے، آج اگر آپ کشمیر جاکر وزیراعظم کا مطالبہ کرتے ہیں تو یہ پیپلزپارٹی کی بدولت ہے۔

ان کا کہنا تھا ہم نواز شریف کی بہت عزت اور قدر کرتے ہیں، اگر کوئی نواز شریف کی قدر کم کرتا ہے تو ہم اس کو کم عقل کہتے ہیں، نواز شریف آپ سے کشمیر کی وزرات عظمیٰ مانگ رہے ہیں، آپ نواز شریف کو لاہور کے ایک ادارے کا چیئرمین بنا رہے ہیں، نواز شریف کی قدر ہم نے نہیں آپ نے کم کی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا آپ نے تو لوگوں سے جینے کا حق بھی ان سےچھین لیا ہے، شاہدرہ سے لے کر مرید کے تک ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب ہے، فصلوں میں دس دس فٹ پانی کھڑا ہے، یہ کوئی سیلاب نہیں آیا ہے بلکہ نالے کا بند ٹوٹا ہے۔

ان کا کہنا تھا آپ لاہور کو ماڈل بنا کر پیش کرتے ہیں، چند گھنٹوں کی بارش کے بعد لاہور کی سڑکیں نالوں کا منظر پیش کرتی ہیں، آپ کے غلط فیصلوں کی وجہ سے پوری قوم مصیبت میں ہے، آج آپ 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم امپورٹ کررہے ہیں جس کی مالیت 10 کھرب بنتی ہے، آپ ہم سے جو جگا ٹیکس لیتے ہیں وہ ہمیں سہولیات دینے کا لیتے ہیں، آپ کا فرض ہے کہ آپ ہمیں سہولیات دیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی آزاد کشمیر میں پہلے مرحلے میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کر چکے ہیں۔

 

Back to top button