ایئر چیف کا دورہ امریکا،عسکری حکام سے ملاقاتیں،دفاعی تعاون پرتبادلہ خیال

چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کادورہ امریکہ،عسکری وسیاسی حکام سے ملاقاتیں،دفاعی تعاون پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاک-امریکا دفاعی تعاون میں ایک اسٹریٹیجک سنگ میل ثابت ہوا۔ اس دورے نے نہ صرف علاقائی و عالمی سلامتی سے متعلق اہم معاملات پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا بلکہ دونوں ممالک کے مابین ادارہ جاتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
دورے کے دوران ایئر چیف نے امریکی عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ پینٹاگون میں انہوں نے سیکرٹری آف دی ایئر فورس (انٹرنیشنل افیئرز) مس کیلی ایل سیبولٹ اور چیف آف اسٹاف آف یونائیٹڈ اسٹیٹس ایئر فورس جنرل ڈیوڈ ڈبلیو آلوین سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں دوطرفہ فوجی تعاون، باہمی عملیت مشترکہ تربیت اور ٹیکنالوجی کے تبادلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایئر چیف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر روشنی ڈالی اور فضائی افواج کے درمیان موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں فریقین نے مستقبل میں اعلیٰ سطحی فوجی روابط اور مشترکہ مشقوں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ میں، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بیورو آف پولیٹیکل-ملٹری افیئرز کے براؤن ایل اسٹینلی اور بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے ایرک میئر سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے علاقائی استحکام میں کردار، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور بدلتے ہوئے جیو پولیٹیکل منظرنامے پر پاکستان کے مؤقف پر گفتگو ہوئی۔
کیپیٹل ہل میں، ایئر چیف نے امریکی کانگریس کے اہم ارکان بشمول مائیک ٹرنر، رچ میک کارمک اور بل ہیزنگا سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، علاقائی سلامتی، اسٹریٹیجک چیلنجز اور ابھرتی ہوئی دفاعی ٹیکنالوجیز پر تبادلہ خیال کے مواقع فراہم کیے۔