ایئرانڈیانےامریکہ کیلئےفضائی سروس معطل کردی

پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث ایئرانڈیانےامریکہ کیلئےفضائی سروس معطل کرنے کااعلان کردیا۔

 پاکستانی فضائی حدود کی بندش اور بیڑے میں طیاروں کی کمی کے باعث ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ وہ یکم ستمبر سے بھارت اور امریکا کے دارالحکومتوں کے درمیان پروازیں روک دے گی۔ طیاروں کی کمی کی وجہ پرانے بوئنگ طیاروں کی مجوزہ اپ گریڈیشن اور پاکستان کی فضائی حدود کی مسلسل بندش کو قرار دیا گیا ہے۔

نئی دہلی اور واشنگٹن ڈی سی کے درمیان پروازوں کی معطلی ایئر انڈیا کے لیے ایک اور بڑا دھچکا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایئرلائن جون میں احمد آباد میں پیش آنے والے ایک حادثے کے بعد سخت ریگولیٹری جانچ پڑتال کے عمل سے گزر رہی ہے، جس میں 260 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ایئرلائن کے مطابق بیڑے میں کمی اور فضائی حدود کی بندش نے طویل فاصلے کی پروازوں کے روٹس کو مزید طویل اور آپریشنز کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ کمپنی بیڑے کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 40 کروڑ ڈالر لاگت کا ریٹروفٹ پروگرام شروع کر چکی ہے۔

رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کی بندش ایئر انڈیا کو 12 ماہ میں 60 کروڑ ڈالر تک کا نقصان پہنچا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان نے ایک دوسرے کی فضائی حدود اس وقت بند کیں جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک حملے کے بعد دونوں ملک جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے تھے، اور امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی میں سیز فائر طے پایا تھا۔

Back to top button