افغانستان میں 10 مقامات پر فضائی حملے کیے : وفاقی وزیر اطلاعات

 

 

 

 

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں ڈرونز کی لانچنگ اور ذخیرہ کرنے والے 10 مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین سے پاکستان پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتےہیں، 23 ستمبر کو افغان سرزمین سے ڈرونز کی دراندازی پاکستان کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے،پاکستان کے ایئر ڈیفنس نے تمام درانداز ڈرونز کو اہداف تک پہنچنے سے پہلے ناکارہ بنادیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی افغانستان میں کارروائیاں درست،محدود اور براہِ راست فوجی اہداف تک محدود تھیں،افغان سرزمین سے پاکستان پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیےجائیں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین،عوام اور قومی سلامتی کے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے،افغان طالبان حکومت فوری طور پر پاکستان کےخلاف تمام دشمنانہ سرگرمیاں بند کرے،افغان سر زمین دہشت گردی یا پاکستان کےخلاف حملوں کےلیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

افغانستان میں بغاوت پھوٹ پڑی، مزاحمتی تحریکوں کی کارروائیاں تیز

وزیر اطلاعات نےکہا کہ پاکستان خطے میں امن،مذاکرات اور تعمیری روابط کےلیے پرعزم ہے،امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،مزید اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سکیورٹی ذرائع کےمطابق گزشتہ روز افغان طالبان رجیم کی جانب سے 8 ڈرون پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے،4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل بارڈر کے پہاڑی علاقوں اور دیگر 4 طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں گرائےگئے۔

 

Back to top button