علی امین گنڈاپورکاسیلاب متاثرین کیلئےنئی بستیاں آباد کرنےکااعلان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر نو کی جائے گی جبکہ آبادیوں کو پانی کے قدرتی راستوں سے ہٹا کر محفوظ مقامات پر نئی بستیاں بسائی جائیں گی۔

سوات میں متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جس شہری کا جتنا نقصان ہوا ہے، حکومت اس کا پورا ازالہ کرے گی اور سیلاب سے آنے والی تباہی کا سو فیصد مقابلہ کیا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ وزیراعظم اور چاروں وزرائے اعلیٰ نے تعاون کی پیشکش کی ہے، تاہم یہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج بھی امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون کر رہی ہے اور مزید دو ہیلی کاپٹر فراہم کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سرکاری املاک کی بحالی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے لیکن سب سے پہلے عوام کے مالی نقصانات پورے کیے جائیں گے۔ تباہ شدہ مکانات دوبارہ تعمیر کیے جائیں گے اور آبادیوں کو پانی کے راستوں سے منتقل کر کے محفوظ مقامات پر آباد کیا جائے گا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ برسوں سے لوگ ندی نالوں اور پانی کے قدرتی راستوں پر تعمیرات کر رہے ہیں، جبکہ ان کی صفائی بھی باقاعدگی سے نہیں کی گئی، جس کے باعث سیلابی ریلے زیادہ نقصان کا سبب بنتے ہیں۔

تجاوزات پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بونیر میں مرکزی مقام پر ایک مارکیٹ تھی جسے ہٹانے پر عدالت نے اسٹے آرڈر دیا، اگر بروقت یہ اقدام ہوتا تو نقصان اتنا بڑا نہ ہوتا۔ جب متاثرین کو وارننگ دی جاتی ہے تو وہ وقت پر انخلا نہیں کرتے بلکہ عدالت سے رجوع کر لیتے ہیں۔

Back to top button