اے این پی کی آل پارٹیزکانفرنس کااعلامیہ جاری،ن لیگ کادستخط سے انکار

اے این پی کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا مگرن لیگ نے اعلامیہ پردستخط سے انکار کردیا۔

اے پی سی کے مشترکہ اعلامیے پر مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے دستخط نہیں کیے اور اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ اعلامیے میں شامل نکات ہمارے مطالبات نہیں بلکہ آپ کے مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں۔

اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور بدامنی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ مسائل ناقص حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جاری تمام آپریشن فوری طور پر بند کیے جائیں اور انسانی و مالی نقصانات کی تحقیقات عدلیہ کی نگرانی میں قائم ٹروتھ کمیشن کے ذریعے کرائی جائیں۔

مزید مطالبات میں نام نہاد ڈیتھ اسکواڈز اور غیر قانونی مسلح جتھوں کا خاتمہ، عوام کے جان و مال کا تحفظ، 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر مکمل عملدرآمد شامل ہے۔ اسی طرح معدنیات اور وسائل کے حوالے سے صوبوں کے حقوق تسلیم کرنے، غیر قانونی اراضی الاٹمنٹس منسوخ کرنے اور قبائلی عوام کے تاریخی زمینوں کے حقوق کی ضمانت دینے پر زور دیا گیا۔

اعلامیے میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کی مخالفت کی گئی اور کہا گیا کہ لیویز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ ضم شدہ اضلاع میں اختیارات سول انتظامیہ کو منتقل کرنے اور "ایکشن ان ایڈ آف سول پاور” جیسے قوانین ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ لاپتہ افراد کی بازیابی، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور سیاسی سرگرمیوں کے لیے آزادانہ ماحول فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔

Back to top button