علی امین گنڈاپور نے عمران خان سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت لینے کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔
علی امین گنڈاپور جسٹس منصور علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوئے، تاہم جسٹس منصور نے ہدایت دی کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اس وقت لاہور میں موجود ہیں، اس لیے ملاقات کے معاملے پر اُن سے رجوع کیا جائے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے عمران خان سے ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں اور آج خود عمران خان کی ہدایت پر سپریم کورٹ آئے ہیں۔
علی امین نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملاقات کی اجازت کے لیے عدالت کو باقاعدہ خط بھی لکھا تھا جس کے ساتھ ضروری شواہد بھی منسلک کیے گئے تھے۔ اُن کے بقول، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے خط پر مثبت ریمارکس دیے تھے، لیکن اب تک اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔
ملک بھر میں مون سون کا آغاز، کئی شہروں میں آج سے بارشوں کا امکان
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بار بار درخواستوں کے باوجود ملاقات کی اجازت نہ دینا ایک سازش کا حصہ ہے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں بجٹ منظوری کا عمل جاری ہے اور تحریک انصاف کی بجٹ کمیٹی کو عمران خان سے مشاورت کے لیے ملاقات کی ضرورت ہے۔