علی امین گنڈاپورکی نامزدوزیراعلیٰ سہیل آفریدی کوتعاون کی یقین دہانی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس ختم ہو گیا، پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت علی امین گنڈاپور نے کی، اجلاس میں نامزد وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے بھی شرکت کی۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہا، اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے، اجلاس میں نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پارٹی اتحاد، نظم و ضبط اور قیادت کے فیصلوں پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس میں علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد وزیر اعلیٰ کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
خیبرپختونخوا کے سبکدوش وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وہ چیئرمین عمران خان کے فیصلے کو من و عن قبول کرتے ہیں اور پارٹی کے تمام ارکان نے ان کے مذکورہ فیصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ مستعفی ہوچکے ہیں اور اب عمران خان بھی کہیں تو وہ دوبارہ وزیراعلیٰ نہیں بنیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف متحد ہے اور وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے پارٹی نے واضح لائحہ عمل طے کر لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی طرح کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
نامزد وزیر اعلیٰ کے حوالے سے بھی واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت کو کوئی نہیں گرا سکتا۔علی امین گنڈا پور نے تصدیق کی کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر کو بھیج دیا ہے۔
