علی امین گنڈاپورنےخیبرپختونخوا میں آپریشن کی مخالفت کردی

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ان کی حکومت صوبے میں کسی بھی آپریشن کی حمایت نہیں کرتی۔
پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’ہم کسی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی اس کی حمایت کرتے ہیں، وفاقی حکومت سن لے، حکومت خیبرپختونخوا آپریشن یا لوگوں کے بے گھر ہونے کی حمایت نہیں کرتی۔
علی امین گنڈاپور نے ’وفاقی اداروں‘ پر زور دیا کہ وہ افغانستان سے بات کریں اور ملک میں دہشت گردی کے مسئلے کو حل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم جنگ نہیں چاہتے اور اس کے خلاف آواز بلند کریں گے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور وقت کے ساتھ مؤقف تبدیل کرتے رہے ہیں۔
جولائی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور ان کی جماعت کی جانب سے باجوڑ میں عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی پر شدید تنقید کے بعد وزیر اعلیٰ نے بظاہر ’ٹارگٹڈ آپریشن‘ کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا تھا۔
یہ بیان اس ویڈیو پیغام کے بالکل برعکس تھا، جو انہوں نے ایک روز قبل پی ٹی آئی کی پارلیمانی میٹنگ کے بعد جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ باجوڑ ضلع میں عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی میں معصوم شہری شہید ہوئے، انہوں نے کہا تھا کہ ایسے آپریشن منفی اثرات ڈالتے ہیں اور عوام و فوج کے درمیان اعتماد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
