اداکارہ عالیہ بھٹ بھی ڈیپ فیک ویڈیو کا شکار بن گئیں

بھارتی فلم نگری میں اس وقت ڈیپ فیک ویڈیوز کا رجحان جاری ہے، حال ہی میں معروف بھارتی اداکارہ اور رنبیر کپور کی اہلیہ عالیہ بھٹ کی بھی جعلی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔اداکارہ رشمیکا مندانا، کاجول اور کترینہ کیف کی بھی جعلی ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں، تاہم ان متاثرین میں اب اداکارہ عالیہ بھٹ کا نام بھی شامل ہو گیا ہے، اوریجنل ویڈیو میں خاتون کے چہرے کو عالیہ بھٹ کے چہرے سے ہی تبدیل کیا گیا ہے، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عالیہ بھٹ نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ رشمیکا مندانا کی بھی جعلی ویڈیو سامنے آ چکی ہے جس میں ایک مختصر ویڈیو 5 اور 6 نومبر کو بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس پر لوگوں نے اداکارہ کے بولڈ انداز پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں ایک خاتون کو لفٹ سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ویڈیو میں مذکورہ خاتون نے انتہائی تنگ اور مختصر لباس پہن رکھا ہوتا ہے۔ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کا چہرہ اداکارہ رشمیکا مندانا سے ملتا جلتا دکھائی دیتا ہے اور لوگوں نے ویڈیو دیکھنے کے بعد اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تاہم جلد ہی صحافیوں اور فیکٹ چیکرز نے سوشل میڈیا صارفین کو بتایا کہ مذکورہ ویڈیو رشمیکا مندانا کی نہیں بلکہ وہ کسی اور کی ویڈیو ہے، جسے اس قدر ایڈٹ کرکے بنایا گیا کہ اسے دیکھتے ہی ویڈیو کے اصلی ہونے کا گمان ہوتا ہے۔بعد ازاں رشمیکا مندانا نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں واضح کیا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو ان کی نہیں ہے بلکہ اسے ایڈٹ کرکے ان کی ویڈیو بتاکر شیئر کیا گیا، ان کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کے چہرے کو ان کے چہرے سے تبدیل کیا گیا۔

Back to top button