امریکا،ٹرک الٹنے سے 20 لاکھ شہد کی مکھیاں فرار

امریکی ریاست ٹیکساس میں شہد کی مکھیوں کو چھتوں سمیت لے جانے والا ٹرک الٹنے سے تقریباً 20 لاکھ شہد کی مکھیاں فرار ہو گئیں۔

اورنج کاؤنٹی کے مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو اس وقت پیش آیا جب ایک 18 پہیوں والا ٹرک مڑتے ہوئے الٹ گیا، یہ گاڑی تقریباً 50 ہزار پاؤنڈ شہد کی مکھیاں لے جا رہی تھی، جن کی تعداد 20 لاکھ کے قریب ہے۔

اس حادثے میں ٹرک ڈرائیور بال بال بچ گیا لیکن حادثے کی وجہ سے آس پاس کے علاقے میں بڑے پیمانے پر شہد کی مکھیاں پھیل گئیں جس سے ممکنہ طور پر خطرناک صورتِ حال پیدا ہو گئی۔

حادثے کے بعد شہد کی مکھیاں پالنے میں ماہر افراد کو ہنگامی بنیادوں پر جائے وقوع پر روانہ کیا گیا، جنہوں نے شہد کی مکھیوں کو باحفاظت چھتوں میں منتقل کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔

اورنج کاؤنٹی کے مقامی حکام نے رہائشیوں کو صورتِ حال پر قابو پانے تک متاثرہ علاقے سے دور رہنے اور غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

Back to top button