امریکا کی ترجیح اب بھارت نہیں پاکستان ہے، عالمی جریدہ

بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ نےبھارت کے بجائے پاکستان کو امریکاکی پہلی ترجیح قرار دیدیا۔

بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی مؤثر ملٹری ڈپلومیسی اور متوازن خارجہ پالیسی عالمی سطح پر کامیابیوں کی ضامن بنتی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا کی ترجیحات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور اس کا جھکاؤ بھارت کی بجائے پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے۔

جریدے نے لکھا کہ پاکستان اب جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کے لیے کلیدی شراکت دار کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ حالیہ پاک بھارت تنازع کے بعد امریکا نے پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کو بھی نئے زاویے سے دیکھا ہے۔

دی ڈپلومیٹ کے مطابق بدلتے حالات میں بھارت کے لیے ’’نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر‘‘ کا کردار ادا کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے مذاکرات سے انکار نے امریکا کے ساتھ تعلقات میں بے یقینی پیدا کی، جبکہ پاکستان بارہا امن کی پیش کش کرتا رہا مگر بھارت نے ہمیشہ کشیدگی کو ہوا دی اور بلوچستان میں خفیہ مداخلت بڑھائی۔

جریدے نے لکھا کہ مئی 2025ء کے پاک بھارت تنازع میں ایٹمی تصادم کے خدشات بڑھ گئے تھے تاہم امریکا نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی ترجیحات کی یہ تبدیلی بھارت کے لیے پریشانی کا باعث ہے، جبکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات مشترکہ مفادات کے تحت مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

Back to top button