بھارت کیخلاف آپریشن بنیان مرصوص کی تکمیل کا اعلان

افواج پاکستان نےبھارتی جارحیت کے جواب میں شروع کیا گیا ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کی تکمیل کا اعلان کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان المرصوص کی تکمیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔6 اور 10 مئی تک کی کارروائیاں آپریشن بنیان مرصوص کا حصہ تھیں۔پاکستان نے بھارت کیساتھ 22 اپریل سے 10 مئی تک معرکے کو معرکہ حق کا نام دے دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص بھارتی افواج کی بزدلانہ جارحیت کے جواب میں کیا گیا، بھارتی حملے میں معصوم شہری شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حملوں کا بدلہ لینے اور انصاف کی فراہمی کا عزم کیا تھا، الحمداللہ، پاکستانی فوج نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج اللہ تعالیٰ کی نعمتوں، رحمت، مدد اور نصرت پر شکر گزار ہیں، اللہ تعالیٰ نے مومنوں پر لازم کیا ہے جب ان پر ظلم ہو تو وہ اس کا جواب دیں، ہم شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں میدانِ جنگ میں کامیابی عطا فرمائی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم شہدا کے لواحقین اور خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے وطنِ عزیز کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جب کہ زخمی ہم وطنوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ ہم پاکستان کی مسلح افواج کے ہر افسر، سپاہی، ایئرمین، اور سیلر کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے ذریعے میدانِ جنگ میں اس کامیابی کو ممکن بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری پاکستانی قوم کی شکرگزار ہے جن کی ناقابلِ تسخیر اخلاقی قوت، عزم، اور بھرپور حمایت اور دعائیں اس کٹھن وقت میں ہمارے ساتھ رہیں۔