انڈین ائیر فورس کا بھی رافیل طیاروں کی تباہی کا اعتراف

بھارتی فضائیہ کے ایئر مارشل اودیش کمار بھارتی نے پاکستانی ایئر فورس کی جانب سے انڈین رافیل طیارے گرائے جانے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پاکستان ایئر فورس نے حالیہ جھڑپوں کے دوران بھارت کے فرانس سے حاصل کردہ مہنگے ترین رافیل طیارے بھی تباہ کیے ہیں، تو ائیر مارشل اودیش کمار نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، اور جنگ میں نقصان تو ہوتا ہے۔
نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جب ایک صحافی نے ایئر مارشل اودیش کمار سے پوچھا کہ کیا وہ بھارتی طیاروں کی تباہی کے حوالے سے اعداد و شمار دے سکتے ہیں تو بھارتی ایئر مارشل نے سوال گول کرنے کی کوشش کی۔ اس پر صحافی نے دوبارہ سے سوال کیا کہ پاکستان سے جھڑپوں میں بھارت نے اپنے کتنے فضائی اثاثے کھوئے ہیں کیونکہ بین الاقوامی میڈیا میں رافیل طیارے گرائے جانے کی خبر گردش میں ہے۔اس پر اودیش کمار بھارتی نے کہا کہ انڈیا حالت جنگ میں ہے اور جنگوں میں نقصان تو ہوتا ہے۔ انہوں نے صحافی سے کہا کہ آپ کو یہ پوچھنا چاہیے کہ کیا بھارت نے اپنا جنگی مقصد حاصل کر لیا ہے، خاص طور پر پاکستانی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا، تو اس کا جواب اثبات میں ہے۔
ایئر مارشل اودیش کمار بھارتی نے مزید سوالات پر یہ موقف اختیار کیا وہ جنگ میں ہونے والے نقصان کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کیوں کہ اس سے دشمن کو فائدہ پہنچے گا اور وہ اسے کوئی فائدہ نہیں پہنچانا چاہتے۔ اودیش کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہی کہیں گے کہ انہوں نے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں اور ان کے تمام پائلٹ بحفاظت واپس آ چکے ہیں۔
خیال رہے 9 مئی 2025 کو ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ایک پریس کانفرنس میں بین الاقوامی میڈیا کے سامنے بھارتی جھوٹ کا پردہ چاک کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ تباہ کیے جانے والے بھارتی طیاروں میں 3 جدید رافیل طیارے، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو 30 شامل تھے، بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی اور جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے طیارے گرنے کی خبر کی تصدیق سے انکار کیا، اسکے باوجود کچھ انڈین نیوز چینلز نے جہاز گرنے کی تصدیق کی جو بعد میں مودی سرکار نے ہٹوا دیں۔
اسکے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی رافیل طیارے گرانے کے ناقابل تردید ثبوت پیش کیے، اس دوران بھارتی طیاروں کے نمبرز اور تباہ ہونے کی لوکیشنز بھی دکھائی گئیں۔ دوسری جانب امریکی نشری ادارے ’سی این این‘ کے اینکر اور سکیورٹی امور کے ماہر جم سکیوٹو نے بتایا ہے کہ فرانس کے ایک اعلیٰ سطحی انٹیلی جنس اہلکار نے اپ ے ملک میں تیار کردہ رافیل جہاز گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔