مسلح افواج نے مادر وطن کاکامیابی سے دفاع کیا،صدرمملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے کامیاب دفاع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کے مستحق ہیں۔ مسلح افواج نے مادر وطن کاکامیابی سے دفاع کیا۔
صدر پاکستان سے وزیراعظم شہبازشریف نے ملاقات کی جس میں آصف علی زرداری کو جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔
صدر پاکستان اور وزیراعظم کی ملاقات میں بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر جوابی کارروائی پر مسلح افواج کو سراہا گیا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ فیلڈمارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے مادر وطن کاکامیابی سے دفاع کیا، وطن عزیز کے کامیاب دفاع پر سید عاصم منیر ترقی کے مستحق ہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملایا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو سراہتی ہے۔
صدر مملکت نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کو مدت ملازمت میں توسیع ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایئرچیف مارشل کی کامیاب جنگی حکمت عملی سے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر کی قیادت میں بھارتی فضائیہ کو شکست فاش دی۔ صدرمملکت کا فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی۔