اسلام آباد کے باؤلنگ کلب پر اسد قیصر کے بھائی کا جبری قبضہ

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عدنان خان کو اسلام آباد کے ایک انتہائی اہم مقام پر واقع سرکاری باؤلنگ کلب پر جبراً قبضہ کرنے پر نوٹس جاری کرنے والے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر میونسپل کارپوریشن کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
بتایا گیا یے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عدنان خان نے گزشتہ دو سال سے انتہائی قیمتی جگہ پر واقع باؤلنگ کلب پر قبضہ کر رکھا ہے اور اس کا کرایہ دینے سے بھی انکاری ہے۔ عدنان کے ذمے واجب الادا کرائے کی رقم 14کروڑ 60 لاکھ روپے ہو چکی تھی لہذا حال ہی میں اسلام آباد میونسپل کارپوریشن نے اسے کلب خالی کرنے اور واجبات ادا کرنے کے لیے حتمی انتباہی نوٹس جاری کیا تھا۔ تاہم کلب کیا خالی ہونا تھا، اسد قیصر نے مبینہ طور پر اپنا اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ڈائریکٹر میونسپل کارپوریشن کا ہی تبادلہ کروا دیا جس نے عدنان کو نوٹس جاری کیا تھا، اس افسر کو نوٹس جاری کرنے کے بعد ایک ہفتے کے اندر عہدے سے ہٹاکر کسی اور محکمے میں بھیج دیا گیا۔
یوں اب عدنان خان کیخلاف کارروائی روک دی گئی ہے اور نیا ڈائریکٹر میونسپل کارپوریشن بھی اسے نوٹس جاری کرنے کی جرات نہیں کر رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عدنان خان کلب کی عمارت خالی کرنے اور واجب الادا کرایہ کی واپسی کا حکم بھی واپس لینے کیلئے متعلقہ حکام پر دبائو ڈال رہا ہے۔ یاد رہے کہ عدنان کے قبضے میں موجود بائولنگ کلب اسلام آباد کی میگازون (ایف9-پارک) میں واقع ہے۔ عدنان نے خود پر عائد الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ اسے بائولنگ کلب کا ٹھیکہ 2019میں ملا تھا۔ اس کے مطابق عمارت کا قبضہ ملتے ہی پہلے سال لیز کی رقم جمع کروا دی گئی تھی۔
تاہم کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے بعد میں اسکا کرایہ ادا نہیں کیا جا سکا۔ تاہم دوسری جانب سی ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کلب کا ٹھیکہ دراصل لیاقت علی نامی شخص کو دیا گیا تھا لیکن بعد ازاں عدنان خان نے اس کے ساتھ شراکت داری کی آڑ میں دھوکہ کر کے قبضہ حاصل کر لیا۔
اب جب عدنان خان کلب کے کرائے کی مد میں 14 کروڑ 60 لاکھ روپے کا ڈیفالٹر ہوچکا ہے تو اس کا ٹھیکہ منسوخ کرنے، واجبات ادا کرنے اور کلب کی عمارت خالی کرنے کے لیے نوٹس دیے گئے تھے لیکن اس نے جواب میں نوٹس جاری کرنے والے ڈائریکٹر میونسپل کارپوریشن کا ہی تبادلہ کروا دیا۔ دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عدنان خان کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر میونسپل کارپوریشن کے تبادلے سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
Asad brother forcibly takes over Islamabad bowling club video
