ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کو 8ارب ڈالر قرض کی یقین دہانی

ایشیائی ترقیاتی بینک نےپاکستان کو سالانہ 2ارب ڈالرقرض دینےپریقین دہانی کرادی۔
اسلام آباد اس میں سےنصف قرض کم ریٹ پرحاصل کرنے کیلئےکوشاں ہےکیونکہ خراب ریٹنگ کی وجہ سےپاکستانی حکومت کیلئےسستےقرض لینا ممکن نہیں رہا ہے۔
وزارت اقتصادی امورکےعہدیداروں کےمطابق سالانہ2ارب ڈالر قرض دینےکی یقین دہانی صدر اےڈی بی ماساتسوگو اساکاواکےحالیہ دورہ پاکستان کےدوران حکام سے ملاقاتوں کےدوران کی گئی ۔
ذرائع کےمطابق منیلامیں صدردفتر قائم کرنےوالے قرض دہندہ ادارےسے2024سے لے کر2027کےدوران ہر سال2ارب ڈالر کی فراہمی کی توقع کی جارہی ہے۔اس طرح چارسالوں میں8ارب ڈالرقرض دیاجائےگا۔حکام نےبتایا سالانہ دوارب میں سے نصف یعنی ایک ارب ڈالر اےڈی بی رعایتی شرح یعنی فکس2 فیصد کی شرح سے دےگا۔
وزارت اقتصادی امورکےمطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کےصدرماساتسوگواساکاوانے وفاقی وزیر برائےاقتصادی اموراحد چیمہ سےملاقات میں گفتگو کےدوران پاکستان کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ،موسمیاتی اور قدرتی آفات سےبچاؤ، ملکی وسائل کی موبلائزیشن، خواتین کی مالی شمولیت اور توانائی کےشعبےکی اصلاحات میں مسلسل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نےپاکستان کےاصلاحاتی ایجنڈے وترقی کیلئے اے ڈی بی کےاعتماد اوراس کے لیے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔صدر اساکاوا نےحکومتی جامع اصلاحات کے اقدام کو سراہا۔وزیراحدچیمہ نےحکومتی اصلاحات کی تفصیلات سےآگاہ کیا۔ اہم اصلاحات میں ٹیکس آمدنی میں اضافہ، توانائی کےشعبے کی مالیاتی پائیداری کو بہتر بنانا۔غیر ہدف شدہ سبسڈیوں میں کمی اورسماجی تحفظ کے پروگراموں کوفروغ دینا شامل ہیں۔
سیکرٹری وزارت اقتصادی امورکاظم نیازاورصدر اساکاوا نےاسلام آبادمیں ایشیائی ترقیاتی بینک کی نئی عمارت کی سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی۔کاظم نیاز نے کہا نئی عمارت 1966 سےقائم ہماری شراکت داری کا ایک نیا دلچسپ باب کھولے گی۔ یہ پورےعلاقےمیں بینک کی چوتھی عمارت ہوگی۔ اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے نئی کنٹری ڈائریکٹر نیوزی لینڈ نژاد چینی شہری مس ایما فین کی بھی تعیناتی کی۔
واضح رہےحالیہ برسوں میں پاکستان نے7فیصد سےلےکر11فیصد کی شرح سود پر قرض حاصل کیے ہیں۔تین کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نےپاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں ہونےکی کیٹگری سےنیچے رکھا جس بناپرغیرملکی کیپٹل مارکیٹس سے فائدہ اٹھانےمیں مشکلات ہورہی ہیں۔آئی ایم ایف کےمتوقع قرض کی شرح سود 5فیصدہے۔وفاقی وزیر خزانہ وریونیو سینیٹرمحمد اورنگزیب نےصدر اے ڈی بی اساکاوااوران کےوفد کےاعزازمیں عشائیہ دیا۔
افغان قونصل جنرل کی سفارتی آداب کی خلاف ورزی،ترانے کےاحترام میں کھڑےنہ ہوئے
وزیر خزانہ نےکہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نےپاکستان کےترقیاتی ایجنڈے کی حمایت میں اہم کردار ادا کیاہے۔انہوں نےبنیادی ڈھانچے، توانائی، تعلیم اور سماجی ترقی جیسےاہم شعبوں میں اےڈی بی کی مسلسل مدد کو سراہا۔ عشائیہ میں وفاقی وزیر بجلی سردار اویس لغاری،وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک،وزیر مملکت خزانہ علی پرویزملک، چیئرمین ایس ای سی پی، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک، سیکریٹری خزانہ نے بھی شرکت کی۔مسٹر آساکاوا نے پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان مضبوط تعلقات کااعتراف کیا۔
