آزادکشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی،آصف زرداری نے منظوری دیدی

پیپلز پارٹی کا آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کا فیصلہ، آصف زرداری نے تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے ان ہاؤس تبدیلی کی منظوری دیدی۔

پیپلپزارٹی نےچودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ذریعے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے کا اعلان کردیا۔

ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم اجلاس کے بعد صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت بنانے کے لیے ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، نئے قائد ایوان کا اعلان چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کریں گے۔ہم مسلم لیگ ن سے بھی اس حوالے سے بات کریں گے کہ وہ نئے قائد ایوان کے لیے ہمیں ووٹ دیں۔

قبل ازیں زرداری ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں آزاد کشمیر کی قیادت نے ریاست کی تازہ صورت پر بریفنگ دی اور تبدیلی کو ضروری قرار دیا۔

قمر زمان کائرہ نے کہاکہ بلاول بھٹو کی زیرصدارت اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ صدر مملکت آصف زرداری کریں گے۔

اس وقت آزاد کشمیر میں اتحادی حکومت قائم ہے۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کا تعلق پی ٹی آئی فارورڈ بلاک سے ہے، جبکہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ہیں۔

کچھ روز قبل پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے حکومت سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم ابھی تک لیگی وزرا نے اپنے استعفے جمع نہیں کرائے۔

Back to top button