غیر قانونی امیگریشن پاکستان کیلئےنہایت حساس معاملہ ہے،محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ غیر قانونی امیگریشن پاکستان کے لیے ایک نہایت حساس معاملہ ہے۔
وزارت داخلہ اسلام آباد میں پولینڈ کے نائب وزیر داخلہ نے محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں وزیر مملکت طلال چودھری اور پولینڈ میں پاکستان کے سفیر محمد سمیع بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزرائے داخلہ نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومتی سطح پر رابطوں میں اضافہ کرنے پر اتفاق کیا۔
غیر قانونی امیگریشن، سرحدی تحفظ (بارڈر سیکیورٹی) اور قانونی معاونت (میوچل لیگل اسسٹنٹس) سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور سمندری حدود کو محفوظ بنانے کیلئےکوسٹ گارڈز کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
ملاقات میں پولینڈ کے نائب وزیر داخلہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کو پولینڈ کے دورہ کی دعوت دی۔
پولش نائب وزیر داخلہ نے کہاکہ انسانی سمگلنگ کو روکنے کیلئےہمیں ایک قدم آگے رہنا ہوگا۔ انہوں نے انسانی سمگلنگ کے تدارک کے سلسلے میں حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔
ملاقات میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ میجر جنرل نور ولی خان اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی موجود تھے۔
