"عائزہ خان، حمزہ علی عباسی 10 سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے”

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی اداکارہ عائزہ خان دس سال کے طویل عرصے کے بعد بہت جلد اداکار حمزہ علی عباسی کے ساتھ جلوہ گر ہونے والی ہیں، اس سے قبل دونوں کو ڈرامہ سیریل "پیارے افضل” میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
اداکارہ عائزہ خان اپنے ساتھی اداکار حمزہ علی عباسی کے ساتھ نئے ڈرامے ’’جانِ جہاں‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی، اداکارہ نے انسٹا گرام پر اپنے نئے پراجیکٹ کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
نئے ڈرامے کا اعلان کرتے ہوئے عائزہ خان نے انسٹا گرام پر لکھا کہ اپنے نئے پراجیکٹ "جانِ جہاں” کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہوں یہ انشاء اللہ ایک بڑا پراجیکٹ ہوگا، ہمارے میگا ہٹ ڈرامے "پیارے افضل” کے 10 سال بعد حمزہ علی عباسی کے ساتھ دوبارہ سکرین پر آنے کیلئے بہت پُر جوش ہوں، ساتھ ہی اداکارہ نے ڈرامے کی پروڈیوسرز ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اداکار حمزہ علی عباسی نے انسٹا گرام پر مداحوں کو اپنی واپسی کی خبر سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے نئے ڈرامے کا ٹیزر بھی شیئر کیا اور لکھا کہ مجھے اپنے آنے والے پروجیکٹ ’جانِ جہاں‘ کو آپ کے سامنے لانے پر خوشی محسوس ہو رہی ہے، جسے ردا بلال نے لکھا اور قاسم علی مرید نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
اداکار نے مزید لکھا کہ میرے نئے ڈرامے کو ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز نے پروڈیوس کیا ہے اور وہ جلد آپ کو سکرین پر نظر آئے گا۔
حمزہ علی عباسی پاکستان کے متعدد ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جبکہ ایک سال قبل انہوں نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
حمزہ علی عباسی کافی عرصہ بعد بلال لاشاری کی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں نوری نت کے مشہور کردار میں سامنے آئے جسے بے حد پسند کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ڈرامہ ردا بلال نے لکھا ہے اور اس کی ہدایات قاسم علی مرید نے دی ہیں، گزشتہ دِنوں حمزہ علی عباسی نے بھی انسٹاگرام پر پروجیکٹ کا ٹیزر شیئر کر کے اپنے مداحوں کو ٹی وی سکرین پر واپسی کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
