عظمی بخاری کی”جلسوں کی منصوبہ بندی“پربشریٰ بی بی پرتنقید
صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے ”جلسوں کی منصوبہ بندی“پربشریٰ بی بی کوکڑی تنقید کانشانہ بناڈالا۔
عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مکافات عمل کا شکار ہیں،عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ وہ غیرسیاسی خاتون ہیں لیکن حیرت ہے کہ ایک غیرسیاسی خاتون جلسے جلوسوں کی منصوبہ بندی کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ خاتون اتنی غیرسیاسی ہیں کہ ماضی میں ایک وزیراعظم کو کنٹرول کرتی تھیں۔خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ سرکاری وسائل ریاست کے خلاف استعمال کررہا ہے، جبکہ ان کے اپنے صوبے میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے۔
علی امین گنڈاپور کچھ تو ہے جو چھپارہے ہیں،عظمی بخاری
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ آج علی امین گنڈاپور اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد گفتگو کیے بغیر چلے گئے، کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی ملک میں فتنہ فساد برپا کرنا چاہتی ہے، ان کو لاشیں چاہییں، لیکن پاکستان کے عوام ان کی آواز پر کان نہیں دھریں گے۔
عمران خان مکافات عمل کاشکار ہیں،وزیراطلاعات
وزیراطلاعات نے کہاکہ عمران خان مکافات عمل کا شکار ہیں، علی امین گنڈاپور فساد کی سیاست کے بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دیں۔انہوں نے کہاکہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ الجہاد الجہاد کے نعرے لگا رہا ہے، بشریٰ بی بی کے سامنے سارے ایم این اے اور ایم پی ایز اچھے بچے بن کر بیٹھے ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں جاری ہیں، دوسری جانب عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی اس حوالے سے ہدایات دے رہی ہیں۔دوسری جانب عمران خان نے آج بیرسٹرگوہر اور علی امین گنڈاپور کو مذاکرات کیلئے ذمہ داری بھی سونپی ہے۔