پاکستان سمیت دنیا بھر میں سپر مون کا خوبصورت نظارہ

دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی سال کے پہلے سپر مون کا دلکش منظر آسمان پر دیکھا جا رہا ہے، جس نے رات کے نظارے کو غیر معمولی حد تک خوبصورت بنا دیا۔
سپارکو کے ترجمان کے مطابق سال کا پہلا سپر مون سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرقی افق پر نمودار ہوا۔ یہ چاند اپنی معمول کی حالت کے مقابلے میں قریباً 6.6 فیصد زیادہ بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں سال کا سب سے درخشاں سپر مون 5 نومبر 2025 کو دکھائی دینے کا امکان ہے، جبکہ تیسرا اور آخری سپر مون 5 دسمبر کو دیکھا جا سکے گا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ آج کا سپر مون سیارہ زحل کے نہایت قریب دکھائی دے رہا ہے، اور ناظرین زحل کو چاند کے بائیں جانب واضح طور پر دیکھ سکیں گے۔
