سینیٹ میں حکومت کومشکلات پیش آسکتی ہیں،شیری رحمان کی تنبیہ

پی پی پی کی سینئر نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے اتحادی جماعت کو خبردار کیا کہ اگر پیپلز پارٹی کی واضح حمایت حاصل نہیں ہوئی تو سینیٹ میں حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ پی پی پی وفاقی حکومت کی اتحادی ضرور ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ہر حال میں حکومت کو مستحکم رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو ہماری ضرورت نہیں تو یہ آپ کی مرضی ہے، مگر یاد رکھیں ہم سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت ہیں اور ہماری واضح حمایت کے بغیر حالات آپ کے لیے مشکل ہو سکتے ہیں۔
شیری رحمٰن نے دفاعی مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ معافی اور مفاہمت کی بات الگ ہے مگر جب پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور خاندان کے افراد پر بلاوجہ تنقید کی جاتی ہے تو ان کے حامیوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ سیلابی امداد کے معاملے کو سندھ اور پنجاب کے درمیان کیوں گھسیٹا جا رہا ہے جبکہ یہ وفاقی مسئلہ ہے اور ملک گیر انسانی بحران ہے — حالانکہ پی پی پی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کی مدد کی تجاویز پیش کی تھیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پی پی پی کا ووٹر بیس ملک بھر میں موجود ہے اور ان کا مؤقف صرف صوبائی نہیں بلکہ وفاقی مفاد کے تحت ہے۔ شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی بطور وزیر خارجہ کارکردگی کی تنقید بلا جواز ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ان کے بین الاقوامی کردار کی تعریف کی ہے۔
