ایشیا کپ میں پاک بھارت بڑا ٹاکرا کل، دبئی پولیس کی سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری

ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا مقابلہ کل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔دبئی ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی نے شائقین کرکٹ کے لیے ی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔
سکیورٹی کمیٹی نے شائقین پر زور دیا ہے کہ وہ کھیل کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے سٹیڈیم کے قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں تاکہ دبئی کی پہچان ایک عالمی معیار کے اسپورٹس وینیو کے طور پر برقرار رہے۔
دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر انچیف برائے آپریشنز اور ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف مہیر المزروعی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے تمام میچز کے لیے خصوصی پولیس یونٹس مکمل طور پر الرٹ اور تیار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی میں خلل ڈالنے والی کسی بھی سرگرمی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور تماشائیوں کی حفاظت و سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بغیر اجازت پچ پر داخل ہونے یا ممنوعہ و آتش گیر اشیاء اسٹیڈیم میں لانے پر 1 سے 3 ماہ قید اور 5 ہزار سے 30 ہزار درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
