برطانوی بادشاہ چارلس کی صحت خراب،تخت سے دستبرداری کاامکان

برطانیہ کے بادشاہ چارلس کی صحت سے متعلق بڑھتی تشویش کے باعث ان کی ممکنہ تخت برداری سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑتی جا رہی ہیں جبکہ دوسری جانب ولی عہد ولیم کے حالیہ فیصلوں کو مستقبل کی قیادت کی تیاری سے جوڑا جا رہا ہے۔
شاہ چارلس کے کینسر کے علاج اور محدود عوامی مصروفیات کے باعث شاہی مبصرین میں یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ آیا بادشاہ مستقبل قریب میں تخت سے دستبردار ہونے پر غور کر سکتے ہیں۔
برطانوی وکیل اور نشریاتی تجزیہ کار اینڈریو ایبورن نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کئی وجوہات موجود ہیں جن کی بنا پر شاہ چارلس اس امکان پر غور کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بادشاہ اگرچہ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں تاہم صحت کے مسائل کے باعث یہ صورتحال ان کے لیے خاصی تھکا دینے والی ہے اور شاہی حلقوں میں اس حوالے سے مختلف منصوبہ بندی زیر غور رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اگرچہ شاہی محل کی جانب سے کنگ چارلس کی صحت سے متعلق مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم اس سال کے آغاز میں یہ بتایا گیا تھا کہ ان کے کیموتھراپی سیشنز کی تعداد میں کمی کی گئی ہے جسے مثبت پیش رفت قرار دیا گیا تھا۔
دوسری جانب پرنس ولیم کی جانب سے اپنی ڈچی آف کارنوال جائیداد کے ایک بڑے حصے کو فروخت کرکے تقریباً 500 ملین پاؤنڈ عوامی فلاحی منصوبوں میں لگانے کے فیصلے کو شاہی مستقبل کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
