معاشی ترقی کیلئےتاجروں کوساتھ مل کرکام کرناہوگا،شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے تاجروں کو بھی حکومت کے ساتھ مل کرکام کرنا ہوگا۔

  شہباز شریف سے مختلف چیمبرز آف کامرس کے صدور کی ملاقات ہوئی، چیمبرز آف کامرس کے صدور نے مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام وزارتیں اور متعلقہ سیکریٹریز تجاویز پر پالیسی اقدامات کا لائحہ عمل پیش کریں، معاشی استحکام کا حصول پہلا زینہ ہے، ملکی ترقی کا سفر اب شروع ہوا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے، کاروباری برادری کے مسائل کا حل ترجیح ہے،حکومت بھرپور ساتھ دے گی، حکومت کاروباری برادری کی سہولت کے لیے ہرممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور دیگر اصلاحات سے سہولت فراہم کر رہے ہیں، فیس لیس کلیئرنس سسٹم سے کنٹینرز کی کلیئرنس کے وقت میں خاطر خواہ کمی آئی، تاجربرادری ٹیکس ریونیو میں اضافہ کے لیے تجاویز دے۔

شرکا نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، بجٹ مشاورتی عمل میں شامل کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔

Back to top button