شاندانہ گلزار کے خلاف ریاست مخالف مواد پھیلانے پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

قومی سائبر کرائم اتھارٹی (NCCIA) نے پی ٹی آئی کی رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف وزیراعظم شہباز شریف اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی مبینہ ملاقات سے متعلق جعلی ٹویٹ کرنے پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق شاندانہ گلزار کے ٹویٹس میں ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانات شامل تھے،جن سے نسلی اور لسانی منافرت کو ہوا دینےاور عوام میں ریاستی اداروں کے خلاف بداعتمادی پھیلانے کی کوشش کی گئی اور وزیراعظم پاکستان سے متعلق ایک جعلی تصویر اور غلط معلومات پھیلائیں۔
ایف آئی آر میں کہاگیا ہےکہ شاندانہ گلزار نے وزیراعظم کی اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کا الزام عائد کیاجس سے عوام میں خوف،بے چینی اور ریاستی اداروں کےخلاف بداعتمادی کی فضا پیدا ہوئی۔
سائبر کرائم ایجنسی کےمطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ شاندانہ گلزار نے دانستہ طور پر فیک نیوز کے ذریعے ریاست مخالف بیانیہ آگے بڑھایا،جس پر شاندانہ گلزار کےخلاف پیکا 2016 کی دفعات 11، 20 اور 26 اے کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے۔
یاد رہےکہ شاندانہ گلزار نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ شرم الشیخ کے دوران ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے الزام لگایا تھاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے۔ تاہم بعد ازاں ویڈیو جعلی ثابت ہونے پر شاندانہ گلزار نے غلطی تسلیم کرتےہوئے ویڈیو ہٹادی تھی۔
