جنگ بندی مذاکرات؛ امریکی وفدکل پاکستان پہنچے گا؛ وائٹ ہاؤس کی تصدیق

مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے جنگ بندی معاہدے کی راہیں ہموار ہوتی نظر آتی ہیں، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آمد کے بعد امریکی وفد کی مذاکرات کیلئے پاکستان روانگی کی تصدیق ہو گئی۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ امریکا کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ایران کے ساتھ مزید مذاکرات کے لیے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد جائیں گے۔
یہ بیان انہوں نے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دیا، جس میں بتایا گیا کہ امریکی وفد میں شامل دونوں شخصیات سنیچر کی صبح روانہ ہوں گی۔کیرولین لیویٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اس نئے مذاکراتی دور میں شریک نہیں ہوں گے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور دیگر حکام کے ساتھ امریکا میں رہ کر صورتحال پر قریبی نظر رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو نائب صدر اور وزیر خارجہ بھی امریکا سے پاکستان آ سکتے ہیں، کیونکہ جے ڈی وینس اس پورے مذاکراتی عمل کا حصہ ہیں۔
بعد ازاں صحافیوں سے مختصر گفتگو میں کیرولین لیویٹ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چند دنوں میں ایران کی جانب سے مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے اور وہ براہ راست بات چیت کے لیے آمادہ ہے۔انہوں نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں امریکا دونوں ممالک کے رہنماؤں کا وائٹ ہاؤس میں استقبال کرے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ مذاکراتی عمل میں شرکت کے بعد مسقط اور ماسکو کا دورہ کریں گے۔
